بھوپال، 19؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ریاستی کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان کے کے مشرا نے اندور میں جمعرات دیر رات رنگ پنچمی سے پہلے مغربی علاقے ملہارگنج تھانہ کے تحت واقع ایک مذہبی مقام کے گودام سے 30دھماکہ خیز جلیٹن اور 30ڈیٹونیٹر کی برآمدگی کو ایک سنگین واقعہ بتاتے ہوئے پولیس کارروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس سے جڑے اصلی چہروں کو اجاگر کئے جانے کی اپیل کی ہے۔ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں مشرا نے کہا کہ اندور ریاست کے انتہائی حساس ضلع میں شمار ہوتا ہے، اس لیے اس واقعہ کومعمولی نظر سے دیکھنا مناسب نہیں ہو گا، کیونکہ یہ برآمدگی رنگ پنچمی تہوار سے پہلے والی رات کو ہوئی ہے، ریاست آئی ایس آئی کے نشانے پر ہے، آئی ایس آئی اور بی جے پی لیڈروں کا رشتہ حال ہی میں بے نقاب ہوا ہے اور دو سال پہلے اندورڈویژن کے ہی جھابوا ضلع میں ایسے ہی دھماکہ خیز مواد کے غیر قانونی ذخیرہ کی وجہ سے ہوئے بڑے دھماکے کی وجہ سے100سے زیادہ بے گناہوں کو اپنی جان بھی گنوانی پڑی تھی۔مشرا نے اندور کے ضلع کلکٹر پی نرہر ی اور ڈی آئی جی ہری نارائن چاری مشرا پر زور دیا ہے کہ وہ بارود کے ڈھیر پر بیٹھے شہر کو کسی بھی ناپاک سازش کا شکار نہ ہونے دیں، اس کے لیے جوبھی سخت قدم اٹھانے ہو، اٹھائیں تاکہ شہر کا ماضی اور وقار برقرار رہ سکے۔